بدین:فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کی صحافیوں پر دہشتگردی کے مقدمات کی مذمت

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال،سیکریٹری جنرل انیس حیدر، سینئر نائب صدر ناصر شیخ، ایڈیشنل سیکریٹری جنرل عمر فاروق گوندل، سینئر نائب صدر نیئر سرحدی، خازن جاوید ملک، سیکریٹری اطلاعات عمران چوہدری، جوائنٹ سیکریٹری ایوب برمی،اسلام آباد /راولپنڈی یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے جنرل سیکریٹری حمید اللہ عابد پی ایف یو جے ورکرز بدین کے صدر مرتضیٰ میمن نے مشترکہ بیان میں دادو اور سیہون کے بول نیوز کے نمائندے یاسر شورو، جی این این کے شاہد تھہیم اور دیگر صحافیوں کیخلاف انسداد دہشتگردی کے مقدمات درج کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، وزیراعلیٰ سندھ ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد او ردیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایس پی دادو کو فوری طورپر برطرف کیا جائے اور اس واقعے کی شفاف انکوائری کرائی جائے۔انہوں نے کہاکہ یاسر شورو اور دیگر نے ایس ایس پی سے عدالت کے احاطے میں جعلی پولیس مقابلوں سے متعلق سوال کیا تھا جس پر انہوں نے مشتعل ہوکر نمائندوں کیخلاف انسداد دہشت گردی کے جھوٹے مقدمات درج کروادیئے جس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اب سندھ پولیس اسٹریٹ بن چکا ہے اور پولیس بے لگام ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ صحافی جوکہ منتخب نمائندوں سمیت دیگر سے سوالات کرتے ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ ان کیخلاف مقدمات درج کروائے جائیں۔



