سعودی عرب کا ملٹی پل عمرہ ویزہ متعارف، ایک سال تک متعدد بار آمد کی سہولت

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے زائرین کے لیے ملٹی پل عمرہ ویزہ متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت ویزہ اجرا کی تاریخ سے 365 دن تک مؤثر ہوگا، جبکہ ہر بار قیام کی زیادہ سے زیادہ مدت 90 روز مقرر کی گئی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ضیوف الرحمٰن سروس پروگرام اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق کیا گیا ہے، جس کا مقصد عمرہ زائرین کی آمد کو آسان بنانا اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔
وزارت کے مطابق ملٹی پل عمرہ ویزہ رکھنے والے افراد کو یکم ذی القعدہ سے 13 ذی الحجہ تک، یعنی حج سیزن کے دوران، مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام نے واضح کیا کہ اس ویزے کا اجرا نسک پورٹل پر رجسٹرڈ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں سے عمرہ سروسز پیکیج حاصل کرنے سے مشروط ہوگا، اور پیکیج کی تصدیق کے بعد ہی ویزے کے لیے درخواست دی جا سکے گی۔
مزید بتایا گیا کہ عمرہ زائرین کو نسک پورٹل سے عمرہ پرمٹ بھی حاصل کرنا ہوگا۔ پیکیج کے مطابق قیام مکمل کرکے سعودی عرب سے روانگی کے بعد ویزہ خودکار طور پر معطل ہو جائے گا، تاہم نیا سروس پیکیج حاصل کرنے پر اسے دوبارہ فعال کیا جا سکے گا۔



