خاتون سے عمرے کے بہانے 9 لاکھ روپے کا فراڈ خاتون انصاف کے لئے پریس کلب ٹھٹھہ پہنچ گئیں

ٹھٹھہ (رپورٹ: جاوید لطیف میمن، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) مکلی بائی پاس روڈ، گاؤں پالاری کی رہائشی خاتون روشنہ زوجہ محمد صدیق خاصخیلی نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹھٹھہ شہر کے رہائشی کباڑی و اسکریپ ڈیلر الطاف شیخ نے عمرہ کرانے کے نام پر ان سے 9 لاکھ روپے ہتھیا لیے اور بعد ازاں انہیں عمرے کی سعادت سے محروم کر دیا گیا۔
ٹھٹھہ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے روشنہ نے بتایا کہ عمرہ ادا کرنے کی شدید خواہش کے باعث انہوں نے اپنا واحد گھر فروخت کر کے مکمل رقم الطاف شیخ کو دی، جس نے انہیں یقین دلایا کہ وہ عمرے پر بھیج دے گا۔ متاثرہ خاتون کے مطابق انہیں 22 افراد کے گروپ میں شامل کر کے 13 جنوری 2026 کو ایئرپورٹ بھیجا گیا، تاہم وہاں بغیر کسی واضح وجہ کے انہیں سامان سمیت واپس بھیج دیا گیا۔
خاتون نے بتایا کہ نہ صرف وہ عمرے کی سعادت سے محروم رہیں بلکہ گھر بیچنے کی رقم بھی مبینہ طور پر ملزم نے ہڑپ کر لی، جس کے باعث وہ آج در بدر کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
روشنہ خاصخیلی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس ناانصافی کی تحریری شکایات ایف آئی اے، ایئرپورٹ انتظامیہ اور ایس ایس پی ٹھٹھہ کو بھی جمع کرا دی ہیں، تاہم تاحال کوئی عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
متاثرہ خاتون نے مطالبہ کیا ہے کہ ان سے فراڈ کرنے والے شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، انہیں ان کی رقم واپس دلائی جائے اور انصاف فراہم کیا جائے۔



