IELTS امتحان میں دھاندلی: ہزاروں فیل ہونیوالوں کو برطانوی ویزے ملنے کا فراڈ پکڑا گیا

لندن(جانوڈاٹ پی کے)برطانیہ میں ویزے کے لیے انگریزی کے لازمی امتحان میں 80 ہزار تارکین وطن کے نتائج میں ہیر پھیر کرکے دھوکے سے ویزے تک حاصل کر لیے گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ایک ہنگامہ خیز رپورٹ نے نہ صرف تارکینِ وطن میں تشویش پھیلا دی ہے بلکہ مستقبل میں برطانیہ جانے کا ارادہ رکھنے والے طلبا کو بھی سوچنے پر مجبور کر دیا۔
برطانوی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ IELTS کے امتحان کے تقریباً 80 ہزار امیدواروں کو غلط نتائج جاری کیے گئے کچھ کو فیل دکھایا گیا جبکہ کچھ کو پاس کر دیا گیا، جنہیں نہیں ہونا چاہیے تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئیلٹس کے دھوکا دہی کے شواہد خاص طور پر جو ممالک شامل ہیں ان میں چین، بنگلادیش اور ویت نام میں سامنے آئے ہیں۔
امتحان میں دھاندلی کے لیے پرچے لیک ہونا، پرچوں کی خریدو فروخت، پیسے دے کر پاس کروانے اور فیل ہونے والے امیدواروں کو جان بوجھ کر بہتر اسکور دینا بھی شامل ہے۔
بعض امتحانی مراکز میں تو یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ امیدوار نہ آئے ہوں، پھر بھی پاس ہو گئے۔
جس کے نتیجے میں کئی تارکین وطن نے بغیر محنت اور امتحان پاس کیے بغیر جعل سازی کر کے ویزا حاصل کرلیا۔
اس رپورٹ کے بعد اب سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ دنیا بھر میں لیے جانے والے انگریزی زبان کے امتحانات کی ساکھ کہاں کھڑی ہے؟
کنزرویٹو پارٹی نے اس اسکینڈل پر انتہائی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن افراد نے غلط طور پر پاسنگ مارکس لے کر ویزا حاصل کیا انھیں فوراً ملک بدر کیا جائے۔
برطانوی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ معاملے کی باضابطہ تحقیقات چل رہی ہیں تمام نتائج اور طریقہ کار کی ازسرِنو جانچ ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مستقبل میں ایسے اسکینڈل کو روکنے کے لیے سخت ترین قواعد متعارف کروائے جائیں گے۔
یہ صورتحال اس لیے بھی حساس ہے کہ برطانیہ پہلے ہی کئی ممالک کے شہریوں کے ویزے محدود کرنے پر غور کر رہا تھا۔
IELTS پر بھروسہ کم ہونے سے یونیورسٹیاں متبادل ٹیسٹ کی طرف جا سکتی ہیں جن میں پی ٹی ای اکیڈمک، ٹوفل آئی بی ٹی اور ڈوہلینگو انگلش ٹیسٹ شامل ہیں۔
پاکستانی طلبا کے لیے اس خبر میں سب سے زیادہ دلچسپی کی چیز کیا ہے؟
امکان ہے کہ مستقبل میں IELTS کے لیے سخت نگرانی، بائیومیٹرک تصدیق، مزید مہنگی فیس اور نتائج کی ویریفیکشن لازمی کر دی جائے۔
خیال رہے کہ برطانیہ پہلے ہی پاکستانی ویزوں سے کروڑوں کماتا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق صرف 2023 میں برطانیہ نے پاکستانیوں کے ویزوں کی فیس اور ریفیوزل سے
1 ارب 87 کروڑ روپے سے زائد کمائے۔



