پاکستانی شہریوں کیلئے برطانیہ کا ای ویزا سسٹم متعارف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی شہری اب برطانیہ کےسفرکے لیے ای ویزا سسٹم استعمال کرسکیں گے۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ سیاحت،کاروبار اور فیملی وزٹ کے لیے پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکرکی ضرورت ختم کردی گئی ہے۔
ہائی کمیشن کے مطابق ویزا درخواست بدستور آن لائن جمع ہوگی، بائیومیٹرکس کے لیے ویزا سینٹر جانا ہوگا، کامیاب درخواستگزاروں کو امیگریشن اسٹیٹس کی ڈیجیٹل تصدیق ای میل سے ملے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بائیومیٹرکس کےبعد پاسپورٹ لینےکے لیے ویزا سینٹر جانےکی ضرورت نہیں ہوگی۔ ای ویزا نظام سےدستاویزات کےضائع یا خراب ہونےکےخدشات بھی کم ہوں گے۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق درخواست گزار شیئر کوڈ کے ذریعے اپنی ویزا حیثیت ثابت کرسکیں گے، ویزا پراسیسنگ کے وقت، اہلیت اور شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیا نظام پاکستانیوں کے لیے ویزاعمل کو آسان بنائےگا، درخواست گزار ایجنٹس کے بجائے براہ راست ردرخواست دیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ای ویزا پہلےطلبہ اور ورک ویزا کےلیے متعارف کرایا جاچکا ہے، موجودہ اسٹیکر ویزا رکھنے والوں پر نئی تبدیلیوں کا اطلاق نہیں ہوگا۔



