یوکرین میں روس کے ڈرون و میزائل حملوں سے توانائی اور ٹرانسپورٹ نظام شدید متاثر

کیف(جانوڈاٹ پی کے)یوکرین میں روس کی جانب سے بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملوں نے ملک کے توانائی اور ٹرانسپورٹ شعبے کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی بندش اور ایٹمی بجلی گھروں کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے۔

انٹرنیشنل ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے مطابق آٹھ یوکرینی علاقوں میں پاور اسٹیشنز متاثر ہوئے جبکہ سخت موسم اور جنگ کے چوتھے سال میں داخل ہونے کے ساتھ روس نے توانائی کے ڈھانچے پر حملے تیز کر دیے ہیں۔

یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ روس نے دو دن میں 653 ڈرون اور 51 میزائل داغے، جن میں سے 585 ڈرون اور 30 میزائل مار گرائے گئے۔

حکام کے مطابق چیرنیہیف، زاپوریزژیا، لیو اور دنیپروپیترووسک سمیت متعدد علاقوں میں بجلی اور حرارت پیدا کرنے والے پلانٹس نشانہ بنے۔ جنوبی علاقے اوڈیسا میں 9,500 سے زائد صارفین حرارت اور 34,000 افراد پانی کی فراہمی سے محروم ہیں۔

اوڈیسا کی بندرگاہی تنصیبات بھی حملوں کی زد میں آئیں جس سے انفراسٹرکچر کو نقصان ہوا اور کئی حصے جنریٹرز پر منتقل کر دیے گئے۔

کیف کے قریب ایک ریلوے مرکز بھی حملے کی زد میں آیا جہاں ڈپو اور بوگیاں تباہ ہوئیں۔ یوکرینی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس امن کی کسی کوشش کا احترام نہیں کر رہا اور شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا رہا ہے۔

روس کی وزارت دفاع کے مطابق حملے یوکرین کے مبینہ شہری اہداف پر حملوں کے جواب میں کیے گئے اور ہدف یوکرین کی فوجی صنعت، توانائی ڈھانچہ اور بندرگاہی تنصیبات تھیں۔

دوسری جانب پولینڈ نے بھی صورتحال کے باعث اپنے جنگی طیارے الرٹ پر رکھے تاہم فضائی حدود کی خلاف ورزی رپورٹ نہیں ہوئی۔

مزید خبریں

Back to top button