یو اے ای نے 2 ارب ڈالر کا قرض صرف ایک ماہ کیلئے رول اوور کر دیا

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے قرض کو صرف ایک ماہ کے لیے رول اوور کر دیا ہے، جس کے بعد حکومتِ پاکستان نے قرض کی مدت ایک سال تک بڑھانے کے لیے دوبارہ باضابطہ درخواست دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق 2 ارب ڈالر کے قرض کی میچورٹی جنوری میں مکمل ہو رہی تھی، جس پر متحدہ عرب امارات نے فروری تک عارضی توسیع دی ہے۔ پاکستان کی جانب سے یو اے ای سے ایک سال کے لیے قرض رول اوور کرنے کی درخواست پر بات چیت جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں بطور سیف ڈپازٹ موجود ہیں، جبکہ جولائی میں ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط میچور ہونے جا رہی ہے، جس کے رول اوور کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔ یہ رول اوورز آئی ایم ایف پروگرام کے دوران پہلے ہی یقین دہانیوں کا حصہ تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ یو اے ای کے قرض پر شرح سود 6.5 فیصد سے زائد ہونے کا امکان ہے، جبکہ وزیراعظم آفس اور وزارت خزانہ کی سطح پر یو اے ای حکام کے ساتھ مسلسل رابطے جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت رواں مالی سال کے دوران 12 ارب ڈالر کے قرض رول اوور کا ہدف رکھتی ہے، جس کے لیے چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے سیف ڈپازٹس اور قرضوں کی مدت میں توسیع کا جامع پلان تیار کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button