یو اے ای نے ایران کے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنا دئیے

ابوظبی (جانوڈاٹ پی کے)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ایران کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز حملوں کو کافی حد تک ناکام بنا دیا ہے۔
یہ بات یو اے ای وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہی، ترجمان وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ملک کا دفاعی نظام مکمل طور پر فعال ہے اور ایران کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا گیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دفاعی نظام نے آج 9 بیلسٹک میزائل، 6 کروز میزائل اور 148 ڈرونز کو فضا میں کامیابی سے تباہ کردیا جبکہ ان واقعات کے نتیجے میں 10 افراد معمولی زخمی بھی ہوئے۔
وزارت کے مطابق مبینہ ایرانی جارحیت کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 174 بیلسٹک میزائل داغے گئے جن میں سے 161 کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا جبکہ 13 سمندر میں جا گرے۔
اسی عرصے کے دوران 689 ایرانی ڈرونز کی نشاندہی کی گئی جن میں سے 645 کو مار گرایا گیا جبکہ 44ملک کے اندر مختلف مقامات پر گرے۔ مزید برآں 8 کروز میزائل بھی تباہ کیے گئے تاہم ان سے کچھ ثانوی نقصان ہوا۔
یو اے ای وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حملوں میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں پاکستانی، نیپالی اور بنگلادیشی شہری شامل ہیں، جبکہ 68 افراد معمولی زخمی ہوئے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یو اے ای کی فضائی دفاعی کارروائیوں سے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، ڈرونز اور میزائل تباہ کرنے کے دوران کچھ شہری املاک کو نقصان بھی پہنچا۔،
وزارت دفاع نے مزید کہا کہ ایرانی حملے قومی خودمختاری اورعالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، یو اے ای اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہراقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے، ملک کی سیکیورٹی کے لیے مسلح افواج ہائی الرٹ ہے۔



