شاہینوں کی بیٹنگ لائن ناکام، انگلینڈ نے پاکستان کو 37 رنز سے شکست دیدی

ہرارے(جانوڈاٹ پی کے)انڈر 19 ورلڈکپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 37 رنز سے شکست دے دی۔
ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس 211رنز کے ہدف کے تعاقب میں 47 ویں اوور میں 173رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی شاندار بولنگ کے سامنے انگلش بیٹرز کھل کر نہ کھیل سکے اور پوری انگلینڈ انڈر 19 ٹیم 47 ویں اوور میں 210 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے فیلکونر نے سب سے زیادہ 66 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ علی رضا، عبدالسبحان اور مومن قمر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلش ٹیم کے دیے گئے 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کے اوپنرز سمیر منہاس اور محمد شایان صرف 23 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، عثمان خان 6 رنز بنانے کے بعد پویلین پہنچے، احمد حسین 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور پاکستان انڈر 19 ٹیم 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 47 ویں اوور میں 173رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اسے 37 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
کپتان فرحان یوسف 65 رنز بناکر نمایاں رہے۔
انگلینڈ کے ایلکس گرین، البرٹ اور جیمز منٹو نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔



