طاقتور سمندری طوفان ‘نول’ چین سے ٹکرا گیا، 7 لاکھ سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل، 350 پروازیں منسوخ

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) طاقتور سمندری طوفان "نول” جنوبی چین کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں شدید ہوائیں، موسلا دھار بارشیں اور خراب موسم نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق یہ رواں سال چین سے ٹکرانے والا سب سے طاقتور ٹائفون ہے۔

چین کے قومی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اتوار کی علی الصبح مقامی وقت کے مطابق 3 بج کر 50 منٹ پر جنوبی صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر ہوئی ژو کی ہوئی ڈونگ کاؤنٹی کے ساحل سے ٹکرایا۔

حکام نے احتیاطی اقدامات کے تحت گوانگ ڈونگ سے 7 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا، جبکہ اس سے ایک روز قبل تقریباً 3 لاکھ 40 ہزار افراد کے انخلا کی اطلاع دی گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگرچہ طوفان اندرونِ گوانگ ڈونگ کی جانب بڑھتے ہوئے بتدریج کمزور ہو رہا ہے، تاہم اس کے اثرات کے باعث مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

چین کے قومی موسمیاتی مرکز نے خبردار کیا ہے کہ ہفتہ وار تعطیلات کے دوران جنوبی گوانگ ڈونگ اور صوبہ فوجیان کے بعض علاقوں میں مزید شدید بارشیں اور تیز ہوائیں متوقع ہیں۔

سرکاری نشریاتی ادارے چائنا نیشنل ریڈیو کے مطابق گوانگ ڈونگ کے ساحلی ضلع ہوئی لائی میں طوفان کے باعث متعدد درخت جڑوں سمیت اکھڑ گئے، جبکہ کئی علاقوں میں نظامِ زندگی متاثر ہوا۔

دوسری جانب ہانگ کانگ ایئرپورٹ پر خراب موسم کے باعث 350 کے قریب پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ مقامی حکام کے مطابق مختلف واقعات میں کم از کم 9 افراد زخمی ہوئے، جبکہ ایک بلند و بالا عمارت پر نصب عارضی تعمیراتی ڈھانچے کا کچھ حصہ گر گیا، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ادھر تائیوان کے مرکزی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ طوفان نول کے باعث جنوبی اور مشرقی تائیوان کے بعض علاقوں میں بارش ہوئی، تاہم طوفان جزیرے کے جنوب سے سمندری راستے پر آگے بڑھتے ہوئے تائیوان سے دور ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی ٹائفون باوی اور ٹروپیکل اسٹورم مایساک نے جنوبی اور مشرقی چین میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث لاکھوں افراد کو متاثر کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button