ایران کی داخلی کشیدگی سے فائدہ اٹھانے کی اسرائیلی کوششیں ناکام ہوں گی، ترک وزیر خارجہ

استنبول(جانوڈاٹ پی کے)ترکیے نے اسرائیل کو ایران کی داخلی کشیدگی سے فائدہ اٹھانے پر خبردار کر دیا۔
ترک میڈیا کو انٹرویو میں ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کا کہنا تھاکہ ایران کی داخلی کشیدگی سے فائدہ اٹھانے کی اسرائیلی کوششیں ناکام ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں احتجاجی مظاہروں کو ایران کے حریف استعمال کر رہے ہیں، اسرائیل بھی ایران کی صورتحال کو فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ ایران میں حالیہ احتجاجی مظاہرے پہلے ہونے والے احتجاج سے مختلف ہیں، ایران کے حالیہ احتجاجی مظاہرے کافی محدود پیمانے پر ہیں، ایرانی مظاہروں سے اسرائیل جو توقع کر رہا ہے وہ پوری نہیں ہوگی، ایرانی عوام کو معلوم ہے کہ کس حد تک ردعمل دینا ہے۔
ترک وزیر خارجہ کے مطابق اسرائیل غزہ جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے، غزہ میں انسانی امداد اور تعمیر نو میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب ایران میں پُرتشدد مظاہرے 13 ویں روز بھی جاری ہیں جن میں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہوچکے اور ڈھائی ہزار سے زائد افراد گرفتار ہیں۔
ملک بھر میں مسلسل تیسرے روز بھی انٹرنیٹ سروس بند ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اسلامی انقلاب کی کامیابیوں کے تحفظ اور سکیورٹی برقرار رکھنے کو سرخ لکیر قرار دیا جبکہ ایرانی فوج نے ایک بیان میں ہر سازش کا مقابلہ کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کمانڈر انچیف کی سربراہی میں فوج خطے میں دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے ساتھ قومی مفادات اور عوامی املاک کا تحفظ بھی کرے گی۔



