بدین میں ٹی بی کے عالمی دن پر آگاہی سیمینار کا انعقاد

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)ٹی بی کے عالمی دن 24 مارچ کے موقع پر سول اسپتال بدین میں ایک اہم سیمینار اور آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں محکمہ صحت اور این جی اوز سے وابستہ عملے نے شرکت کی سیمینار میں ڈی ایچ او بدین ڈاکٹر ظہور احمد عباسی، ضلعی ٹی بی کنٹرول پروگرام سے وابستہ ڈاکٹر صاحب خان کوسو، ڈاکٹر اختر علی ٹالپر، ڈاکٹر دانش صدیق، ڈاکٹر نسرین، ڈاکٹر عثمان کریم بخش (BCF)، امتیاز علی سومرو، ایچ آئی وی پروگرام سے ڈاکٹر آفتاب برگری، لیڈی ہیلتھ پروگرام کی ڈاکٹر سندھُو خواجہ، غلام صدیق سیال، محمد حنیف، امجد پرویز اور مڈوائفری اسکول کے پرنسپل عبدالغنی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صاحب خان کوسو اور دیگر ماہرین نے کہا کہ ٹی بی دنیا کی خطرناک بیماریوں میں سے ایک ہے، جبکہ پاکستان اس بیماری کے حوالے سے پانچویں نمبر پر ہے، جہاں لاکھوں کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ایک ٹی بی کا مریض 10 سے 15 افراد تک بیماری منتقل کر سکتا ہے اس لیے احتیاط اور بروقت علاج نہایت ضروری ہے انہوں نے بتایا کہ ضلع بدین میں سال 2025 کے دوران 3,555 ٹی بی کے مریض رپورٹ ہوئے، جن کا علاج مکمل طور پر مفت فراہم کیا گیا سمینار میں آگاہی دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع بدین میں 24 بی ایم یو (BMU)، پی ایم ڈی ٹی (PMDT) سائٹ اور بی ایس ایل 2 لیب کے ذریعے ملٹی ڈرگ ریزسٹنٹ (MDR) ٹی بی کی جدید تشخیص اور علاج کی سہولیات موجود ہیں ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ اب مریضوں کو دیگر اضلاع جانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ بدین میں ہی تمام جدید طبی سہولیات دستیاب ہیں۔



