بائیکاٹ سے نہیں بارش سے ڈر لگتا ہے صاحب!

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2026میں پاکستان کیلئےاصل خطرہ بھارت کیخلاف میچ کے بائیکاٹ پر پوائنٹس کھونے کا نہیں بلکہ کولمبو کا غیر یقینی موسم ہے۔پاکستان کو گروپ مرحلے میں 4میچ کھیلنے ہیں،جن میں سے بھارت کیخلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جا چکا ہے۔پاکستان اپنے گروپ مرحلے کے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گاجہاں بارش کی پیش گوئیاں ٹیم کے ورلڈ کپ میں سفر کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہیں،خاص طور پر اس صورت میں جب پاکستان پہلے ہی ایک میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کر چکا ہے۔باقی 3میچز میں سے 2ایسے ہیں جن پر بارش کے سائے منڈلا رہے ہیں۔
اگر ان میں سے ایک میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا تو پوائنٹس کے ساتھ ساتھ پاکستان کا نیٹ رن ریٹ بھی بری طرح متاثر ہو سکتا ہے،جو اگلے مرحلے میں رسائی کیلئے نہایت اہم ہوتا ہے۔کولمبو کا موسم ماضی میں بھی غیر متوقع رہا ہے اور یہی غیر یقینی صورتحال پاکستان کیلئے تشویش کا باعث بن رہی ہے۔
اگر کسی ایک اہم میچ میں کھیل مکمل نہ ہو سکا تو پاکستان نہ صرف پوائنٹس ٹیبل میں پیچھے رہ سکتا ہے بلکہ نیٹ رن ریٹ میں بھی دیگر ٹیموں کے مقابلے کمزور پوزیشن میں چلا جائے گا۔
موسم کی پیش گوئی کرنے والے ادارے ’ایکیو ویدر‘ کے مطابق پاکستان کا پہلا میچ 7فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف ہے، جس میں بارش کا امکان تقریباً64فیصد بتایا جا رہا ہے۔
امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ بارش زیادہ تر میچ کے دوسرے حصے میں ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں کھیل متاثر ہونے یا مکمل طور پر منسوخ ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
پاکستان کا آخری گروپ میچ نمیبیا کے خلاف 18 فروری کو کھیلا جانا ہے، جس میں بارش کا امکان 25 فیصد بتایا جا رہا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ میچ کے مکمل ہونے کے امکانات زیادہ ہیں اور معمولی رکاوٹ کے سوا بڑے مسئلے کا خدشہ کم ہے۔



