ٹرمپ نے ایران جنگ پر عوامی مقبولیت نہ ملنے پر میڈیا پر دباؤ بڑھا دیا

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جنگ کو عوامی مقبولیت نہ ملنے پر میڈیا پر دباؤ بڑھانا شروع کر دیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ایران سے جنگ کو عوامی مقبولیت نہ ملنے پر صدر ٹرمپ نے نیوز میڈیا پر دباو بڑھا دیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ہر روز ایک یا زائد شکایتیں رجسٹر کراتی ہے۔
سی این این کے مطابق خود ٹرمپ میڈیا کو "کریمنل” اور "غیر محب وطن” کہنے سے نہیں چوکتے، جبکہ فیڈرل کمیونی کیشنز کمیشن کے چیئرمین برینڈن کیر ، جنہیں ٹرمپ نے چنا ہے، کئی بار براڈ کاسٹرز کو ان کے نشریاتی لائسنس منسوخ کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں۔
سی این این کے سینیئر سیاسی مبصر ڈیوڈ ایکزل روڈ نے لکھا ہے کہ لگتا ہے ٹرمپ انتظامیہ نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اگر جنگ کی خبریں بہتر نہیں ہوتیں، تو جنگ کی خبریں دینے والوں پر حملہ کرنا بہتر ہوگا۔
سی این این نے لکھا ہے کہ جنگ کے بارے میں سخت سوالات کے جواب میں ٹرمپ محض "فیک نیوز” کہہ کر جان چھڑاتے ہیں۔



