ایران آزادی کی طرف دیکھ رہا ہے جواس سے پہلے کبھی نہیں ہوا،ہم مظاہرین کی مدد کیلئے تیار ہیں،ٹرمپ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ایران آزادی کی طرف دیکھ رہا ہے جو  اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ امریکا ایرانی مظاہرین کی مدد کے لیے تیار ہے۔

اس سے پہلے  امریکی صدر  نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران میں اگر لوگوں کو  قتل کیاگیا تو امریکا مداخلت کرے گا۔ اس حوالے سے انہوں نے واضح کیاکہ مداخلت کا  مطلب ایران میں فوج اتارنا نہیں ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی صورتِ حال پر نظر ہے،  ایسا لگتا ہے کہ ایران کے کچھ شہروں پر لوگ قابض ہیں۔ ایرانی حکومت نے برسوں اپنے عوام کے ساتھ بُرا سلوک کیا اور آج انہیں اپنے کیے کی سزا مل رہی ہے۔

یاد رہے  ایران میں پُرتشدد مظاہرے 13 ویں روز بھی جاری ہے،  اب تک پُرتشدد واقعات میں 15 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 65 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق سکیورٹی فورسز  نے تہران کے نزدیکی قصبے سے 100 مسلح فسادی گرفتار کر لیے جبکہ اب تک ڈھائی ہزار سے زائد افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں مسلسل تیسرے روز انٹرنیٹ سروس بند ہے۔

مزید خبریں

Back to top button