ٹرمپ انتظامیہ ایران کیخلاف محدود فوجی کارروائیاں شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں ، وال اسٹریٹ جرنل کا دعویٰ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے قریبی مشیران ایران کے خلاف دوبارہ محدود فوجی کارروائیاں شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں جبکہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی جاری رکھنے کی حکمت عملی بھی زیر غور ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ ممکنہ اقدامات اس وقت زیر غور آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ ذرائع کے مطابق ان اقدامات کو مذاکرات میں تعطل ختم کرنے کے ایک طریقے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے تاکہ ایران پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔
اخبار کے مطابق صورتحال سے آگاہ افراد کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے پاس مکمل فضائی بمباری کی مہم دوبارہ شروع کرنے کا اختیار بھی موجود ہے، تاہم اس آپشن کو کم ترجیح دی جا رہی ہے کیونکہ اس سے خطے میں مزید عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔



