مودی ٹرمپ کے سامنے لیٹ گئے، روسی تیل نہ خریدنے کی یقین دہانی کرادی، امریکی صدر کا دعویٰ

دہلی نے تاحال اس بات کی تصدیق یا تردید نہیں کی کہ مودی نے ایسی کوئی یقین دہانی کرائی ہے

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ بھارت اب روس سے تیل نہیں خریدے گا۔

واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یہ اقدام ماسکو کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی کوششوں میں ایک بڑا قدم ہوگا۔

ٹرمپ کے مطابق، انہوں نے مودی سے روسی تیل کی درآمدات پر تشویش ظاہر کی تھی، جس پر بھارتی وزیرِاعظم نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ بھارت جلد ہی ان خریداریوں کو ختم کر دے گا۔

بھارت اور چین روسی خام تیل کے سب سے بڑے خریدار ہیں، جو یورپی پابندیوں کے بعد رعایتی نرخوں پر تیل حاصل کر رہے تھے۔ اگر بھارت واقعی روسی تیل کی درآمد بند کر دیتا ہے تو یہ عالمی توانائی سیاست میں ایک اہم موڑ ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر ٹرمپ نے بھارت پر آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت فوری طور پر روسی تیل کی خریداری نہیں روک سکتا، تاہم جلد ہی اس پر عمل درآمد شروع کر دے گا۔

امریکہ نے روس سے تیل کی خریداری کے معاملے پر بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا تھا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت اچھا تجارتی شراکت دار نہیں ہے کیونکہ وہ روس سے تیل خرید کر نہ صرف یوکرین جنگی مشین کو ایندھن فراہم کر رہا ہے بلکہ اس سے منافع بھی کما رہا ہے۔

واضح رہے کہ دہلی نے تاحال اس بات کی تصدیق یا تردید نہیں کی کہ مودی نے ایسی کوئی یقین دہانی کرائی ہے۔

 

مزید خبریں

Back to top button