شکارپور: جتوئی برادری کے دو گروہوں میں پرانے تنازعے پر 2 سگےبھائی قتل، علاقے میں خوف و ہراس

شکارپور(سيف مصطفیٰ / نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) شکارپور گڑھی یاسین کے قریب گاہیجا تھانے کی حدود میں جتوئی برادری کے دو گروہوں کے درمیان جاری پرانے تنازعے کے نتیجے میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں دو سگے بھائی جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ گاؤں فرید تڑت میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے عارب جتوئی اور گل دین جتوئی ولد عبداللطیف جتوئی کو قتل کر دیا۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور حالات کا جائزہ لیا۔ تاہم مقتولین کے ورثاء نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشیں اٹھا کر مدیجی اسپتال منتقل کیں، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق جتوئی برادری کے دو گروہوں کے درمیان کافی عرصے سے پرانا تنازعہ چل رہا تھا، جو اس خونی واقعے کا سبب بنا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب مقتولین کے اہل خانہ نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے، جس کے پیش نظر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button