بدین میں موسم بہار کی شجرکاری مہم شروع، سرکاری اسکولوں میں سینکڑوں پودے لگا دیے گئے

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ پی کے) قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی) ضلع بدین کی جانب سے موسم بہار کی آمد پر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس مہم کے تحت مختلف سرکاری اسکولوں، اسپتالوں، انتظار گاہوں اور پبلک پارکس میں پودے لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس موقع پر این سی ایچ ڈی ضلع بدین کے ڈپٹی ڈائریکٹر منیر احمد میمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بہادر علی بھرگڑی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لٹریسی سعیدہ ملاح، فوکل پرسن اشفاق احمد میمن اور فیلڈ افسران یاسمین مشرف، احسان زیور، مشتاق احمد جکھرو، ایاز قاضی اور امتیاز زیور سمیت دیگر عملے نے مختلف تعلیمی اداروں میں شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔

اس سلسلے میں گورنمنٹ پرائمری اسکول بچل سومرو، لٹریسی سینٹر گل محمد لغاری، گورنمنٹ پرائمری اسکول پیر عالی شاہ اور دیگر سرکاری و نجی اسکولوں میں بھی ضلع انتظامیہ کی جانب سے شروع کی گئی شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے گئے۔

گورنمنٹ پرائمری بوائز اور گرلز اسکول بچل سومرو میں مختلف اقسام کے پودے لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ تقریب میں اسکول کے ہیڈ ماسٹر مختیار میمن، اساتذہ شکیل احمد میمن اور عبدالمجید لنڈ جبکہ لٹریسی سینٹر گل محمد لغاری میں میڈم نازیہ قاضی اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ اسکول کے سینکڑوں طلبہ نے بھی شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے پودے لگائے۔

اس موقع پر این سی ایچ ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر منیر احمد میمن نے ہر پودا طلبہ کے نام سے منسوب کرتے ہوئے انہیں اس کی حفاظت اور دیکھ بھال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ درخت انسانی زندگی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ درخت نہ صرف سایہ اور پھل فراہم کرتے ہیں بلکہ ماحول کو خوبصورت بنانے، فضائی آلودگی کم کرنے اور قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہر فرد کم از کم ایک درخت ضرور لگائے تاکہ ماحول کو سرسبز و شاداب اور خوبصورت بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button