کوئٹہ:سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ٹرین سروس ایک دن کیلئے معطل

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے)سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ سے ملک کے مختلف شہروں کے لیے ٹرین سروس ایک دن کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے جعفر ایکسپریس اور کراچی کے لیے بولان ایکسپریس آج روانہ نہیں ہوں گی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم حکام کے مطابق معطلی عارضی ہے اور ٹرین سروس بحال کرنے کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
حکام کا بتانا ہے کہ جعفر ایکسپریس 26 دسمبر کو اپنے مقررہ وقت پر کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی، جبکہ بولان ایکسپریس 29 دسمبر کو کوئٹہ سے کراچی کے لیے دوبارہ سروس شروع کرے گی۔ حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل ریلوے سے تازہ صورتحال معلوم کریں۔



