ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی ٹرین حادثے میں زخمی اہلکاروں کی عیا دت، جائےوقوعہ پرصورتحال کا جائزہ لیا

سرگودھا (جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ڈی پی او محمد صہیب اشرف نے آج شام ایس پی یو کی گشت پر مامور موبائل کی پی اے ایف ایریا میں پیش آنے والے افسوسناک ٹرین حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے لالہ موسی کے لیے جانے والی ملت ایکسپریس ٹرین 78 پل پر ایس پی یو کی موبائل وین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو کانسٹیبل شہید اور تین زخمی ہوئے۔ واقعہ آج تقریباً شام 7:35 بجے پیش آیا جب استقلال آباد سے 78 شمالی پی اے ایف ایریا کی طرف ایس پی یو کی کیو آر ایف موبائل گشت کر رہی تھی۔ گاڑی میں موجود کانسٹیبلان امان اللہ اور سبطین ک موقع پر شہید ہو گئے جبکہ اے ایس آئی وسیم، ہیڈ کانسٹیبل ابرار، کنسٹیبلان محمد اویس اور ضیافت علی زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈی پی او محمد صیہب اشرف نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حادثے کی صورتحال کا جائزہ لیا اور فوری طور پر زخمیوں کے علاج و معالجے کے انتظامات کی نگرانی کی۔



