فیروزپور روڈ پر شدید ٹریفک جام، ایمبولینسز پھنس گئیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کرکٹ میچ کے اختتام کے بعد فیروزپور روڈ مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بند ہو گئی۔ سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ ایمبولینسز بھی ٹریفک میں پھنسی رہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
عینی شاہدین کے مطابق میچ ختم ہوتے ہی شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد فیروزپور روڈ پر نکل آئی، جس سے ٹریفک کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو گیا۔ گاڑیوں کی روانی بحال رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے بروقت اقدامات نہ کیے جانے پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی غفلت اور ناقص کارکردگی نے ایک بار پھر لاہور کے ٹریفک نظام کی کمزوری کو بے نقاب کر دیا ہے۔ کئی مسافروں اور مریضوں کو گھنٹوں تک ٹریفک جام میں پھنسے رہنا پڑا، جب کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار موقع پر تاخیر سے پہنچے۔
شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میچز یا بڑے عوامی اجتماعات کے دوران متبادل ٹریفک پلان فوری طور پر نافذ کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے حالات سے بچا جا سکے۔



