علی پور چٹھہ ٹریفک وارڈنز کی غفلت سے شہر میں بدترین ٹریفک جام

وزیرآباد(نامہ نگار)علی پور چٹھہ ٹریفک وارڈنز کی غفلت سے شہر میں بدترین ٹریفک جام،عوام کا شدید احتجاج

علی پور چٹھہ میں ٹریفک وارڈنز کی غفلت اور نااہلی کے باعث شہر میں ٹریفک جام معمول بن گیا ہے۔ سکول اوقات میں مدینہ چوک سے امیر حمزہ چوک تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں، جس سے شہریوں طلبہ اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

چاند گاڑیوں کے ناجائز اڈے، سڑک کنارے کھڑی گاڑیاں اور ہیوی ٹریفک (ٹرالی، ہارویسٹر، ٹریکٹر) کی آزادانہ آمدورفت نے ٹریفک نظام درہم برہم کر رکھا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ تعینات ٹریفک وارڈنز صرف چند موٹرسائیکل سواروں کو جرمانہ کرنے کے بعد غائب ہو جاتے ہیں جبکہ سڑکوں پر کھڑی بڑی گاڑیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ذرائع کے مطابق اسکولوں میں چھٹی کے اوقات کے دوران ٹریفک اہلکار سڑکوں سے غائب اور سہل پسندی میں مصروف رہتے ہیں جس سے شہریوں کا غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے سی ٹی او گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علی پور چٹھہ میں تعینات نااہل اور غفلت برتنے والے ٹریفک اہلکاروں کے خلاف سخت ترین تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو اس اذیت سے نجات مل سکے۔

مزید خبریں

Back to top button