بدین: شادی لارج سگنل چوک پر ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل کے تصادم میں نوجوان جاں بحق

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)شادی لارج سگنل چوک کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ ٹریکٹر ٹرالی کو بھی جزوی نقصان پہنچا پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت مولچند ولد بھگت کیشو کے نام سے ہوئی ہے، جو مقامی رہائشی تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث آمنے سامنے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاش کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہوگئی جبکہ اہل خانہ پر کہرام مچ گیا مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شادی لارج سگنل چوک پر ٹریفک کنٹرول کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور تیز رفتاری کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جاسکے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں



