وزیرآباد :تیز رفتار ڈمپر کی ٹریکٹر ٹرالی کو ٹکر، ڈارائیو شدید زخمی

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)علی پورچٹھہ میں ڈمپر مافیا بے قابو۔ قادرآباد کے قریب حادثہ۔ ٹریکٹر ڈرائیور شدید زخمی۔ شہریوں کا مستقل کارروائی کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق علی پورچٹھہ اور گردونواح میں تیز رفتار اور مبینہ اوورلوڈ ڈمپرز شہریوں کے لیے مستقل خطرہ بن چکے ہیں۔ گزشتہ روز قادرآباد روڈ پر ڈیرہ دین محمد کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر نے ٹریکٹر ٹرالی کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ٹریکٹر ڈرائیور ظفر اقبال سکنہ جوڑا شیلر کی ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ ٹریکٹر مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ مقامی افراد کے مطابق علاقے میں ڈمپرز کی بے قابو رفتار اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں معمول بنتی جا رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی متعدد جان لیوا حادثات پیش آ چکے ہیں جن میں بچوں سمیت کئی افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ علاوہ ازیں بھاری گاڑیوں کی مسلسل آمدورفت سے نئی تعمیر شدہ سڑکیں بھی کم وقت میں خستہ حال ہو رہی ہیں۔ عوامی حلقوں نے شکایت کی ہے کہ ہر بڑے حادثے کے بعد احتجاج کیا جاتا ہے اور انتظامیہ کی جانب سے سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اقدامات کی رفتار سست پڑ جاتی ہے اور مسائل دوبارہ سر اٹھا لیتے ہیں۔ شہریوں کے مطابق وقتی کارروائیوں کے بجائے مستقل اور مربوط حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔ اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈمپرز کی رفتار اور اوورلوڈنگ پر مؤثر کنٹرول، سخت چیکنگ، جرمانوں کے ساتھ ساتھ مستقل مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا جائے۔ انہوں نے فرار ہونے والے ڈرائیور کی فوری گرفتاری اور قانون کے مطابق کارروائی کا بھی مطالبہ کیا تاکہ آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے اور سڑکوں کو محفوظ بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔



