وزیرآباد: تاجر رہنما مہر مشتاق احمد ندیم نے انتظامیہ کے رویے کو "معاشی قتل” قرار دے دیا

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) انتظامیہ کا ٹارگٹ چھوٹے تاجر بڑے مگر مچھوں کو کھلی چھوٹ، صورتحال کاروبار کی تباہی کا باعث بن رہی ہے حکام اپنی پالیسیاں تبدیل کریں، مہر مشتاق احمد ندیم مرکزی تنظیمِ تاجران سوہدرہ کے صدر اور وزیرآباد کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے ممتاز رکن مہر مشتاق احمد ندیم نے پنجاب حکومت اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے تاجر برادری کو ہراساں کیے جانے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے سراسر ناانصافی قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں مہر مشتاق احمد ندیم نے کہا کہ انتظامیہ مہنگائی کے اصل اسباب پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے، مارکیٹ اور منڈیوں میں قیمتیں کنٹرول کرنے کے بجائے تمام تر زور رزقِ حلال کمانے والے چھوٹے دکانداروں پر نکالا جا رہا ہے چھوٹے دکان داروں کی دکانوں کے شٹر سیل کرنے اور انہیں ایف ائی ار کی دھمکیاں دینے جیسے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اصل ناجائز منافع خور وہ بڑی پارٹیاں ہیں جنہیں سیاسی پشت پناہی حاصل ہے، مگر ان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے محنت کش تاجروں کو قربانی کا بکرا بنا کر بھاری بھرکم جرمانے عائد کیے جاتے ہیں اور آئے روز نئی "فٹیکوں” میں الجھایا جاتا ہے۔

تاجر رہنما نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کبھی سائن بورڈز کی کلر سکیم اور کبھی دیگر حیلوں بہانوں سے تاجروں کو ذہنی اذیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ اگر وہ واقعی قیمتیں مستحکم کرنا چاہتی ہے تو تاجروں کو خود مال خرید کر فراہم کرے اور اس پر جائز منافع کا تعین کرے تاکہ دکانداروں میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہو سکے۔ مہر مشتاق احمد ندیم نے مزید کہا کہ بجلی کے بھاری بلوں، ظالمانہ ٹیکسز اور فکس چارجز نے پہلے ہی تاجر برادری کی کمر توڑ دی ہے، ایسے میں انتظامیہ کا معاندانہ رویہ معاشی قتل کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے اور جائز منافع کمانے والے تاجروں کو نشانہ بنانے کے بجائے مہنگائی کے اصل ذمہ داروں کے خلاف گھیرا تنگ کرے۔

مزید خبریں

Back to top button