خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات پر عید کے دوران 2 لاکھ 62 ہزار سے زائد سیاحوں کی آمد

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات عید کے دنوں میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے، عیدالفطر کے تین دنوں میں دو لاکھ 62 ہزار سے زائد سیاحوں نے خیبرپختونخوا کا رخ کیا۔

خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے سیاحوں کا ڈیٹا جاری کر دیا۔

ڈی جی ٹورازم اتھارٹی عثمان محسود کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی اور چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی ہدایات پر سیاحوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے۔

عثمان محسود نے بتایا کہ عیدالفطر پر سب سے زیادہ سیاحوں نے وادی سوات کا رخ کیا، وادی سوات میں ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد سیاح آئے۔ گلیات میں عیدالفطر پر 51 ہزار 886 سیاحوں کی ریکارڈ آمد ہوئی جبکہ 76 غیر ملکی سیاح بھی صوبے کے سیاحتی مقامات میں سیر و تفریح کے لیے موجود تھے۔

ڈی جی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق سیاحوں کی رونمائی اور سہولت کے لیے عیدالفطر پر ٹورازم پولیس کی چھٹیاں منسوخ کی گئیں۔ ٹورازم ہیلپ لائن 1422 سیاحوں کے لیے 24 گھنٹے سروس فراہم کرتی رہی، خیبر پختونخوا کی عوام نے سیاحوں کی بہترین مہمان نوازی کی۔

مزید خبریں

Back to top button