عمران خان اور بشریٰ بی بی نے سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے، وکیل سلمان صفدر

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے)سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ کیس 2 میں سنائی گئی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق اس فیصلے کے خلاف تمام قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔

سلمان صفدر نے کہا کہ توشہ خانہ ون اور سائفر کیس کی طرح اس مقدمے کے ٹرائل میں بھی متعدد قانونی سقم موجود ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کریں گے تاکہ یہ فیصلہ چیلنج کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں سخت حالات میں رکھا گیا ہے۔ کل رات 8 بجے ان کی قانونی ٹیم کو اطلاع دی گئی کہ توشہ خانہ 2 کی سماعت صبح 9 بجے اڈیالہ جیل میں ہوگی، لیکن موٹروے بند ہونے اور خراب موسم کے باوجود ٹیم نے لاہور سے پہنچ کر سماعت میں شرکت کی۔

سلمان صفدر نے الزام لگایا کہ جج نے ملزمان اور وکلا کی غیر موجودگی میں فیصلہ سنایا۔ جج کو آج دلائل مکمل کرکے فیصلہ جاری کرنا تھا، مگر وہ 59 صفحات پر مشتمل ’لکھا لکھایا‘ فیصلہ ساتھ لے کر آئے۔

مزید خبریں

Back to top button