دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ میں آئی پی ایل سے منسلک ٹیموں کی جانب سے پاکستانی پلیئرز کوپک نہ کرنے کا خدشہ

بھارت کی سیاست انگلینڈ کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ دی ہنڈریڈ کو بھی آلودہ کرنے لگی،دی ہنڈریڈ میں آئی پی ایل سے منسلک ٹیموں کی  جانب سے  پاکستانی پلیئرز کو نہ پک کرنے کا خدشہ ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق دی ہنڈریڈ میں پاکستانی کرکٹرز کو صرف وہ ہی پک کرسکتے ہیں جن کی ملکیت میں آئی پی ایل فرنچائز حصہ دار نہ ہوں۔

بی بی سی کے مطابق انگلش بورڈ کے ایک اہم افسر نے اس حوالے سے ایک پلیئر ایجنٹ کو آگاہ کردیا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ کے افسر نے ایجنٹ کو بتایا کہ آئی پی ایل ٹیموں کی ملکیت والی ٹیمیں پاکستانی پلیئرز سے دور رہ سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ دی ہنڈریڈ کی 8 ٹیموں میں سے 4 کی 49 فیصد ملکیت آئی پی ایل ٹیموں کے پاس ہے۔

مانچسٹر سپر جائنٹس، ایم آئی لندن، سن رائزر لیڈز اور سدرن بریو میں بھارتی سرمایہ کاری آچکی ہے۔

بی بی سی کے مطابق ایک ایجنٹ نے شکوہ کیا کہ انڈین ملکیت میں کام کرنے والی ٹیموں کا پاکستانی پلیئرز کو نہ لینا ایک غیر اعلانیہ قانون بن چکا ہے۔

یہ ٹرینڈ جنوبی افریقا کی ایس اے ٹی ٹوئنٹی اور یو اے ای کی آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں بھی دیکھا گیا ہے۔

اس سال ہونے والی دی ہنڈریڈ کا پلیئرز  آکشن 11 اور 12 مارچ کو منعقد ہوگا۔ پاکستان کے حارث رؤف سمیت متعدد کھلاڑی آکشن میں شامل ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button