وزیرآباد: کوٹ کیلیاں میں چور گینگ بے لگام، شہریوں کا پولیس کی ناکامی پر احتجاج

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) چور گینگ بے لگام۔ پولیس کی مبینہ چشم پوشی۔ متاثرین کا احتجاج۔ علی پورچٹھہ کے نواحی علاقہ کوٹ کیلیاں میں سرگرم چور گینگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا۔ مختلف وارداتوں میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری ہونے کے باوجود پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے پر متاثرین سراپا احتجاج بن گئے۔ کوٹ کیلیاں میں زرعی موٹریں، سولر انورٹرز، بجلی کی تاریں اور دیگر قیمتی سامان چوری ہونے کے 6 مقدمات درج ہو چکے ہیں، جن میں مجموعی طور پر تقریباً 18 لاکھ روپے مالیت کے نقصان کا سامنا ہے۔ متاثرہ شہریوں نے پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تھانہ علی پورچٹھہ کی پولیس بااثر سیاسی شخصیات کی مبینہ ملی بھگت سے چوروں کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے۔ متاثرین کے مطابق افنان چور گینگ کے تین افراد افنان، طیب اور فرحان کو پولیس نے گرفتار کیا، جنہوں نے پولیس اور علاقائی مصالحتی کمیٹی کے سامنے وارداتوں کا اعتراف بھی کیا، تاہم بعد ازاں ایک ملزم کو رہا کر دیا گیا جبکہ تاحال مالِ مسروقہ برآمد نہیں کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے آر پی او گوجرانوالہ کی کھلی کچہری میں بھی تحریری درخواست دی مگر احکامات کے باوجود عملی پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔متاثرین نے مزید سنگین الزام لگایا کہ ملزمان اب سرعام ہوائی فائرنگ، قتل اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں جس سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اسی دوران متعلقہ ایس ایچ او بااثر سیاسی افراد کی ضیافتوں میں مصروف دکھائی دیتے ہیں جبکہ متاثرین کو مسلسل ذلیل و خوار کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ایس ایچ او غازی اورنگزیب سے مؤقف لینے پر انہوں نے کہا کہ وہ ڈی ایس پی آفس میں موجود ہیں اور اس مرحلے پر کوئی موقف نہیں دے سکتے۔ متاثرہ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور اعلیٰ پولیس حکام سے انسانیت کے نام پر پرزور مطالبہ کیا ہے کہ چور گینگ کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے مالِ مسروقہ برآمد کرایا جائے اور مبینہ طور پر غفلت و کرپشن میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف بھی مثال قائم کی جائے، تاکہ شہریوں کو تحفظ اور انصاف میسر آ سکے۔



