ٹھٹھہ میں پولیس مقابلہ:متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم زخمی حالت میں گرفتار

ٹھٹہ (رپورٹ: جاوید لطیف میمن، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد رینج طارق رزاق خان دھاریجو کے احکامات اور ایس ایس پی ٹھٹہ فاروق احمد بجارانی کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ ٹھٹہ انسپکٹر زیاد حسین نوناری نے اپنے عملے کے ہمراہ دورانِ گشت تھانہ ٹھٹہ کی حدود عیدگاہ لنک روڈ پر کارروائی کی، جہاں پولیس اور مشتبہ ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جس کی شناخت مولا بخش عرف لاسی ولد پنھوں ملاح، سکنہ آمری اسٹاپ ٹھٹہ کے طور پر ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار زخمی ملزم تھانہ مکلی اور ٹھٹہ کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی، رابری، موٹرسائیکل چھیننے اور منشیات (آئس) کی فروخت و ڈیلنگ سمیت متعدد سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا پسٹل بھی برآمد کر لیا ہے، جبکہ اس کا مکمل کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد فرار ہونے والے ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں، جبکہ زخمی ملزم کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔



