ٹھٹھہ: تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا گرینڈ آپریشن

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن، نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)گھارو شہر میں غیرقانونی تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گھارو گولائی سے بابڑا روڈ تک سڑکوں کے دونوں اطراف قائم غیرقانونی تجاوزات اور ناجائز تعمیرات کے خلاف کارروائی کی گئی۔ آپریشن کی نگرانی مختیارکار گھارو و میرپور ساکرو محمد انور کنبھر نے کی۔

آپریشن کے دوران اینٹی انکروچمنٹ عملہ، ریونیو اسٹاف اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں کے دونوں اطراف قائم غیرقانونی دکانیں، تھڑے، کیبن، کباڑ خانے اور عارضی و پکی تعمیرات مسمار کر دیں۔

اس موقع پر مختیارکار محمد انور کنبھر کا کہنا تھا کہ غیرقانونی تجاوزات کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، اسی لیے بلا امتیاز قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہری حدود میں کسی بھی قسم کی غیرقانونی تعمیر یا تجاوزات کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور مستقبل میں بھی ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے۔

آپریشن کے دوران پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی فراہم کی گئی، جبکہ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کے ساتھ تعاون کریں اور غیرقانونی تعمیرات سے گریز کریں۔

مزید خبریں

Back to top button