ٹھٹھہ میں انتخابی دھاندلی کے خلاف شٹر ڈاؤن و پہیہ جام ہڑتال، کاروبار بند، سڑکیں سنسان، متعدد سیاسی کارکن گرفتار

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن، نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)تحریک تحفظ آئین پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی جانب سے 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی رہائی کے مطالبے پر ٹھٹھہ ضلع بھر میں شٹر بند اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔
ہڑتال کے باعث ضلعی ہیڈ کوارٹر مکلی، گجو، گھارو، میرپور ساکرو، لیٹ اسٹاپ، دھابیجی، دھابیجی مارکیٹ سمیت ضلع کے چھوٹے بڑے شہروں میں پٹرول پمپ، نجی و سرکاری بینک، مارکیٹیں اور دکانیں مکمل طور پر بند رہیں۔ دوسری جانب مین نیشنل ہائی وے سمیت ضلع بھر کی چھوٹی بڑی شاہراہوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہی اور سڑکیں سنسان منظر پیش کرتی رہیں۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں شامل جماعتوں پاکستان تحریک انصاف ٹھٹھہ، سندھ یونائیٹڈ پارٹی، فنکشنل مسلم لیگ اور دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل ریلیاں بھی نکالی گئیں۔
ادھر پولیس نے مکلی کے علاقے سے پاکستان تحریک انصاف کے صدر سید امجد شاہ، سینیئر نائب صدر سید ظہیر شاہ اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے ضلعی صدر عمران خشک سمیت متعدد سیاسی کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔



