ایس ایس پی ٹھٹھہ کا ضلع بھر میں امن و امان بہتر بنانے کا حکم

ٹھٹھہ (جانوڈاٹ پی کے)ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق احمد بجارانی کی زیر نگرانی ایس ایس پی آفس میں ضلع بھر کے تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، انچارج سی آئی اے، پولیس پوسٹس، مددگار بیس اور ہیڈ آف برانچز کے ساتھ ایک اہم جرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
میٹنگ کے دوران ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، رپورٹ شدہ و غیر رپورٹ شدہ جرائم، پولیس کی کارکردگی اور جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایس ایس پی ٹھٹھہ نے آئی جی پی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق خان دھاریجو کے احکامات کی روشنی میں افسران کو ہدایت کی کہ:
-
ضلع بھر میں جرائم پر قابو پانے کے اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔
-
لسٹڈ عادی، اشتہاری اور انعام یافتہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔
-
سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ملزمان کے خلاف بلا تاخیر اور ٹھوس کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور گرفتار ملزمان کا CRO بروقت تیار کیا جائے۔
-
جرائم پیشہ عناصر کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر سرچنگ اور کومبنگ آپریشنز یقینی بنائے جائیں۔
مزید برآں، اسپیشل برانچ کی جانب سے منشیات فروشوں کی کیٹیگری وائز فہرست (A+, A, B, C) کے مطابق ضلع بھر میں کارروائیاں تیز کرنے اور خاص طور پر تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ایس ایس پی نے پولیس پیٹرولنگ اور پکٹنگ کے نظام کو مؤثر بنانے اور دوران ڈیوٹی اسٹاف کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات بھی دی ہیں۔ ساتھ ہی تمام تھانوں اور پولیس دفاتر میں صفائی، نظم و ضبط اور ڈسپلن کو بہتر بنانے، اور سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
آخر میں ایس ایس پی ٹھٹھہ نے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دیے جائیں گے، جبکہ غفلت یا ناقص کارکردگی پر سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔



