آل پاکستان مری اتحاد تنظیم کی جانب سے پریس کلب ٹھٹھہ پر احتجاجی مظاہرہ

ٹھٹھہ(جاوید لطیف میمن/نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)آل پاکستان مری اتحاد تنظیم کی جانب سے پریس کلب ٹھٹھہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔آل پاکستان مری اتحاد تنظیم کی جانب سے صحافی اور آل پاکستان مری اتحاد تنظیم کے مرکزی چیئرمین میر مہردین خان مری کے خلاف کوٹ لالو کے SHO نورالدین کونھارو کی طرف سے درج کی گئی مبینہ من گھڑت ایف آئی آر کے خلاف پریس کلب ٹھٹھہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاج کی قیادت آل پاکستان مری اتحاد کے ضلعی صدر شاہد مری، یوتھ صدر حضور بخش مری، سبز علی مری، حاجی بشیر مری اور یاسین مری نے کی۔ مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ کوٹ لالو کے SHO نورالدین کونھارو نے ذاتی دشمنی اور بدنیتی کی بنیاد پر ہمارے محبوب قائد اور آل پاکستان مری اتحاد تنظیم کے مرکزی چیئرمین میر مہردین خان مری کے خلاف جھوٹی اور من گھڑت ایف آئی آر درج کروا کر پوری مری برادری کے جذبات کو شدید مجروح کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوٹ لالو شہر میں گزشتہ کئی دنوں سے مری اور بگٹی برادری کے درمیان تنازع جاری ہے، جس کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے SHO نورالدین کونھارو نے پرانی ذاتی دشمنی کی بنیاد پر گولاڑچی شہر کی معزز شخصیت اور ہمارے قائد میر مہردین خان مری کو جھوٹے کیس میں پھنسانے کی سازش کی ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ ہمارے قائد میر مہردین خان مری نے سوشل میڈیا کے ذریعے بہادری سے مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر ان کے موبائل کی سی ڈی آر اور لوکیشن واقعے کی جگہ سے ثابت ہو جائے تو وہ خود کو قانون کے سامنے پیش کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن بغیر کسی ثبوت کے جھوٹی ایف آئی آر درج کرنا ناقابل قبول اور کھلی زیادتی ہے۔
آل پاکستان مری اتحاد تنظیم کے تمام رہنماؤں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر میر مہردین خان مری کا نام جھوٹی ایف آئی آر سے خارج کیا جائے، بدنیتی پر مبنی اس کیس کی اعلیٰ سطحی اور شفاف تحقیقات کروائی جائیں اور کوٹ لالو کے SHO نورالدین کونھارو کو فوری طور پر معطل کر کے انصاف فراہم کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔



