ٹھٹھہ حیدرآباد مین نیشنل ہائی وے پر تاریخی نیو باران پل کی ازسرِنو تعمیر کیلئے2ارب6کروڑ روپے منظورکرلئے،ایاز علی شاہ شیرازی

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاوید لطیف میمن/جانوڈاٹ پی کے )ٹھٹھہ حیدرآباد مین نیشنل ھائی وے پر تاریخی نیو باران پل، جو 1860 میں تعمیر کیا گیا تھا، کی ازسرِنو تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ پل گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار تھا، جس کے باعث آئے روز ٹریفک حادثات معمول بن چکے تھے اور عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔
مقامی آبادی اور مسافروں کی جانب سے متعدد بار سڑک کو ڈبل کرنے اور پل کی نئی تعمیر کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، جس پر عمل کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی و ممبر کمیونیکیشن سید ایاز حسین شاہ شیرازی نے ہنگامی بنیادوں پر وفاقی حکومت سے 2 ارب 6 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے اسکیم منظور کروائی۔اس منصوبے کے تحت نیو باران پل کی لمبائی 500 میٹر سے بڑھا کر 700 میٹر کی جائے گی، جبکہ اسے جدید تقاضوں کے مطابق تعمیر کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو اور حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکے گی۔ پل کی توسیع سے نہ صرف مقامی شہریوں بلکہ ٹھٹھہ سے حیدرآباد آنے جانے والے ہزاروں مسافروں کو بھی سہولت میسر آئے گی۔اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے سید ایاز علي شاہ شیرازی نے کہا کہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے، اور اسی مقصد کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی بوہارو کیٹی بندر میں 20 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑک کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے، جس سے وہاں کے عوام کو نمایاں فائدہ پہنچا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیو باران پل کی تعمیراتی کام کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا اور امید ہے کہ یہ منصوبہ مئی یا جون تک پایۂ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد ٹھٹھہ حیدرآباد روڈ کو ڈبل کرنے کے لیے بھی وفاقی حکومت سے منظوری حاصل کر لی جائے گی، جس سے اس اہم شاہراہ پر ٹریفک کے مسائل مزید کم ہوں گے۔علاقہ مکینوں نے پل کی تعمیر کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف حادثات میں کمی آئے گی بلکہ سفری سہولیات میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔



