ٹھٹھہ:ضلع بھر میں شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے حوالے سے نئے ضابطۂ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے نوٹیفکیشن جاری

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے ضلع میں شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے حوالے سے نئے ضابطۂ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ، جس کے تحت شادی ہال ، بینکوئٹ ہالز، لانز ، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز میں منعقد ہونے والی تقریبات کے لیے مہمانوں کی تعداد اور کھانے سے متعلق پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شادی کی تقریبات ، استقبالیہ اور دیگر سماجی اجتماعات میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی تعداد 200 افراد سے زیادہ نہیں ہوگی جبکہ تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کی اجازت ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ تمام شادی ہال ، ایونٹ آرگنائزرز ، کیٹرنگ سروسز اور دیگر متعلقہ افراد حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلے میں مسلسل نگرانی کی جائے گی اور ضلع کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں ان ہدایات پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے – نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور آئندہ احکامات تک مؤثر رہیں گے۔



