تھر کے نوجوان کا ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

مٹھی(رپورٹ:میندھرو کاجھروی)مٹھی کے قریب گاؤں پوسرکو کے نوجوان راشد علی بوڑیپوٽو کے ناحق قتل کے خلاف گاؤں پوسرکو میں اکبر علی درس کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس دوران دیہاتیوں اور علاقے کے رہائشیوں نے شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ راشد کو بے گناہ قتل کیا گیا ہے، جس کے باعث علاقے میں خوف اور غم کی فضا چھائی ہوئی ہے۔
احتجاج میں شریک اکبر درس، یوسی وائس چیئرمین اکبر جونيجو اور دیگر مقررین نے کہا کہ مقامی ایم پی اے ارباب لطف اللہ نے واقعے کا نوٹس ضرور لیا ہے، لیکن اب صوبائی حکومت، خصوصاً صوبائی وزیر داخلہ ضیاءُ لنجار سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ شہید راشد علی بوڑیپوٽو کے ورثا کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور اصل مجرموں تک پہنچ کر انہیں سخت سزا دی جائے، تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔ احتجاجی رہنماؤں نے مزید خبردار کیا کہ اگر انصاف فراہم نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔



