تھرپارکر کے 750 آر او پلانٹ ملازمین 4 ماہ سے تنخواہوں سے محروم، وسیع احتجاج کا اعلان

تھر پارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)ضلع تھرپارکر کے 750 آر او پلانٹ ملازمین گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مٹھی کی نااہلی کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ تنخواہیں نہ ملنے کے باعث وہ فاقہ کشی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

ملازمین کے مطابق تین ماہ کے کوارٹر کی بجٹ موجود ہونے کے باوجود بھی تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جا سکی، جبکہ کوئی پرسانِ حال نہیں۔ ایک طرف مہنگائی کے اس دور میں صرف 25 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے، وہ بھی چار چار ماہ بعد، اور اس قلیل رقم میں سے بھی بعض غریب ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی جاتی ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔ انتظامیہ مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے اور کسی کو ملازمین کے مسائل کی پرواہ نہیں۔

آر او پلانٹ آپریٹر یونین تھرپارکر نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر سے اپیل کی ہے کہ آر او پلانٹ ملازمین کے جائز مسائل کا فوری نوٹس لے کر انہیں حل کیا جائے۔ بصورت دیگر 27 تاریخ بروز منگل، تھرپارکر کے 750 آر او پلانٹ ملازمین مٹھی پبلک ہیلتھ آفس کے سامنے احتجاج کریں گے اور بعد ازاں مٹھی پریس کلب کے سامنے احتجاجی بھوک ہڑتال کیمپ لگایا جائے گا، جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔

یونین رہنماؤں نے کہا کہ ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، بچے فاقہ کشی دیکھ رہے ہیں، لیکن یہ سب کچھ اختیار رکھنے والوں کو نظر نہیں آ رہا۔

مزید خبریں

Back to top button