تھرپارکر: 13 اپریل سے انسدادِ پولیو مہم، 3 لاکھ 17 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر میں 13 اپریل سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں اور مکمل کیئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آج ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مہم کی سو فیصد کوریج کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ مہم کے دوران اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر سے فوری رابطہ کیا جائے، جبکہ مہم کے دوران کسی قسم کی کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے فوکل پرسن براء انسداد پولیو مہم ڈاکٹر بھرت کمار سونی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع تھرپارکر میں انسدادِ پولیو مہم 13 اپریل سے شروع کی جارہی ہے جو کہ 16 اپریل تک جاری رہے گی مہم کے دوران ضلع کے ساتوں تعلقوں کی مجموعی طور پر 71 یونین کونسلوں میں پانچ سال تک کی عمر کے 3 لاکھ 17 ہزار 130 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس ہدف کے حصول کے لیے کل 1384 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 1248 موبائل ٹیمیں، 72 فکسڈ ٹیمیں جبکہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں، بس اڈوں اور رش والے علاقوں میں 64 ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انسدادِ پولیو مہم سے قبل آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ سرحدی علاقوں سمیت تمام پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ہر صورت میں کور کیا جائے۔ اجلاس میں ایس ایس پی تھرپارکر عبداللہ میمن۔ چیئرمن ضلع کونسل تھرپارکر ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button