تھرپارکر میں یومِ کشمیر، کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کی ریلی اور نعرے بازی

تھرپارکر: (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے)آج پورے ملک میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر یومِ کشمیر منایا گیا۔ اس سلسلے میں تھرپارکر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو پرتھوی راج اور اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف کی قیادت میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مٹھی سے کشمیر چوک مٹھی تک ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں سرکاری محکموں کے افسران و عملہ، اساتذہ، طلبہ، غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان، سماجی و سیاسی کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے اور نعرے لگا رہے تھے، جن میں "پاکستان زندہ باد”، "پاک فوج زندہ باد” اور "کشمیر بنے گا پاکستان” شامل تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور دیگر مقررین نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے تمام رکن ممالک سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت سے متعلق قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور کشمیری عوام کو بھارت کے مظالم اور جبر سے نجات دلا کر آزاد زندگی گزارنے کا حق دیں۔

مقررین نے کہا کہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی اور جبر کے ذریعے مظلوموں کی آواز کو دبا نہیں سکتا، اور پاکستان کشمیری بھائیوں کی قومی، اخلاقی اور قانونی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن حل خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے نہایت ضروری ہے۔

ریلی کے اختتام پر شرکاء نے کشمیری عوام کے لیے دعا کی اور بین الاقوامی میڈیا سے اپیل کی کہ کشمیریوں کے حقوق کو بھرپور انداز میں دنیا کے سامنے اجاگر کیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دنیا کی کوئی طاقت ان کو ان کے حقیقی مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔

مزید خبریں

Back to top button