انتہا پسندی روک تھام پالیسی اجلاس:باہمی تعلقات پر اتفاق،میڈیا والے تصدیق بعد خبر چلائیں،ڈی سی تھرپارکر

مٹھی(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کی صدارت میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیرِ صدارت NPVE/CVE پالیسی کے تحت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی تھرپارکر محمد شعیب میمن، انفارمیشن آفیسر تھرپارکر یاسر میمن، ضلع اور تعلقہ پریس کلب کے صدور، سوشل ویلفیئر، سول سوسائٹی، ایجوکیشن کے افسران سمیت مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھرپارکر پرامن ضلع ہے اور اسے مزید پرامن رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع سمیت ملک میں انتہا پسندی کو روکنے کے لیے تمام اداروں کے درمیان قریبی رابطے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں خاص طور پر غلط افواہیں پھیلانے اور امن خراب کرنے والوں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہےتاکہ ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ امن،برداشت،صبر اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنا ضروری ہے اور اس مقصد کیلئے میڈیا کے تعاون سے تھرپارکر کے پریس کلبوں سمیت دیگر مقامات پر سیمینار اور کھلی کچہریاں منعقد کی جائیں گی تاکہ امن کا پیغام عوام تک بہتر انداز میں پہنچے اور عوام اور اداروں کا رابطہ مضبوط رہے۔
انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں میڈیا نے ہمیشہ امن و امان کے حوالے سے بھرپور ساتھ دیا ہے جو قابلِ تعریف عمل ہے۔ اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے تو اس کی اطلاع فوری طور پر انتظامیہ کو دی جائے تاکہ اس پر بروقت قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نمائندگان کو بھی چاہیے کہ مکمل معلومات حاصل کرنے کے بعد رپورٹنگ کریں، تاکہ حقائق سامنے آئیں اور انتظامیہ کو بھی معاملے پر مؤثر کام کرنے میں آسانی ہو۔
اس موقع پر ایس ایس پی تھرپارکر محمد شعیب میمن نے کہا کہ تھرپارکر میں سکیورٹی کے حوالے سے مزید انتظامات کیے گئے ہیں۔ جہاں بھی ضرورت پڑے گی وہاں سکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے گا۔ ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جہاں آنے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔



