کیٹی مالو میگھواڑ کا سرکاری اسکول مال کا باڑا بن گیا، قبضے کے بعد فرنیچر اور چھت کا سامان چوری

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی\جانوڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے تعلقہ کلوئی کے کیٹی علاقے میں مالو میگھواڑ ڈھانی کے سرکاری اسکول پر لنڈ برادری کے بااثر افراد نے مبینہ طور پر قبضہ کرلیا ہے، جبکہ اسکول کا فرنیچر، الماریاں اور عمارت کی چھت کا لوہا اور دیگر سامان بھی غائب ہے۔

علاقہ مکینوں مہندرو میگھواڑ، سومار میگھواڑ، سانوڻ میگھواڑ اور دیگر نے کا کہنا ہے کہ لنڈ برادری کے رحیم لنڈ، سمون لنڈ، خمیسون لنڈ اور حسین لنڈ نے مقامی استاد ممتاز لنڈ کی پشت پناہی میں اسکول پر قبضہ کیا ہے۔

دیہاتیوں نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ بااثر افراد نے سرکاری اسکول کی عمارت پر قبضہ کرنے کے بعد اب ہماری جھونپڑیوں اور لوڑھوں کو آگ لگا کر جلا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکول بند ہونے کے باعث ہمارے بچے تعلیم سے محروم ہوگئے ہیں اور ہماری نئی نسل تباہ ہورہی ہے۔

ان کے مطابق اسکول کے کمروں کا لوہا نکال کر غائب کردیا گیا ہے، جبکہ ایک کمرے میں بھوسہ رکھا گیا ہے اور دوسرے کمرے میں بھیڑوں کے بچے باندھے جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت اسکول مکمل طور پر مویشیوں کا باڑا بن چکا ہے۔

انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کروا کر گاؤں کے بچوں کی تعلیم بحال کرائی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button