تھر کول میں مقامی لوگوں کو روزگار دو اور منشیات بند کرو، مٹھی میں احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی،نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے ہیڈکوارٹر مٹھی شہر میں تھر کول میں خالی آسامیوں پر مقامی افراد کو نظر انداز کرنے اور منشیات کی خرید و فروخت کے خلاف گزشتہ روز جئے سندھ قومی محاذ اور سول سوسائٹی کی جانب سے عظیم ہنگورجو کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور دھرنا دیا گیا۔
مظاہرین نے زوردار نعرے بازی کرتے ہوئے تھر کول انتظامیہ کی ناانصافیوں پر شدید غصے کا اظہار کیا۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ تھر کول انتظامیہ نے مقامی لوگوں کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا ہے، انہیں ملازمتیں نہیں دی جا رہیں جبکہ باہر سے لوگوں کو لا کر یہاں بھرتی کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع تھرپارکر میں منشیات کا کاروبار دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے، جو کہ انتہائی تشویشناک امر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کو پھیلا کر ہماری نسل کو تباہ کیا جا رہا ہے، جس پر سماجی رہنماؤں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور منتخب نمائندوں کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔



