عوامی حقوق کی بحالی کے لیے لڑ رہا ہوں، میرا ساتھ دیں، تمام مسائل حل کر کے دکھاؤں گا : سریندر ولاسائی

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی،نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) سماجی رہنما اور بلاول ہاؤس کے ترجمان، ایم پی اے سندھ سریندر ولاسائی نے اپنے جاری کردہ بیان میں واضح کیا ہے کہ ان کی جدوجہد ذاتی مفادات کے لیے نہیں بلکہ تھر کے عوام، انصاف اور عزت کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دیہاتیوں کے حقوق کی بحالی، خاص طور پر قدرتی وسائل پر ان کے حق کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں تاکہ غریب لوگ عزت کے ساتھ اپنا گزر بسر کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ منشیات، سودخوری اور مویشیوں کی منظم چوری کے خلاف سرگرم جدوجہد کر رہے ہیں کیونکہ یہ مسائل براہ راست غریب لوگوں کی زندگی اور معیشت کو متاثر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زمین کے ریکارڈ میں ردوبدل اور ذات پات کی بنیاد پر ہونے والے امتیاز کے خلاف آواز اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سماجی رہنما نے زور دیا کہ وہ انسانی حقوق اور انسانی وقار کی ہر قسم کی خلاف ورزی کے خلاف کھڑے ہیں اور ہر تھری کو ملکیتی حقوق دلانے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ کوئی بھی شخص اپنی زمین سے بے دخل نہ ہو سکے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اس جدوجہد کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں اور عوام سے ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔



