تھرپارکر میں چینی انجینئرز اور غیر ملکی ماہرین کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی)
تھرپارکر کے ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیراںی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں کے تحت ضلع میں کام کرنے والے چینی انجینئرز اور دیگر غیر ملکی ماہرین کی مکمل سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے، کیونکہ سکیورٹی معاملات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وہ آج اپنے دفتر میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مضبوط بنانے، انٹیلیجنس کے درمیان ہم آہنگی بہتر کرنے اور تمام اداروں کے درمیان روابط کو مؤثر بنانا انتہائی ضروری ہے۔ اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی، سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی، غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے منصوبے اور انسانی اسمگلنگ و جبری مشقت کے خاتمے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ این پی وی اے کی پیش کردہ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی سگریٹوں کی فروخت اور ترسیل کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، جبکہ غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کے لیے متعلقہ ادارے فوری اقدامات کریں۔ڈی سی نے ہدایت کی کہ قانونی اور غیر قانونی پیٹرول پمپس کی جانچ پڑتال کی جائے اور غیر معیاری یا کم مقدار ذخیرہ کر کے زیادہ قیمت پر پیٹرول فروخت کرنے والے پمپس کو سیل کیا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ضلع میں اینٹوں کے بھٹوں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے اور وہاں کام کرنے والے غیر رجسٹرڈ یا غیر ملکی مزدوروں کی شناخت کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو اوورلوڈنگ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور زائد کرایہ وصول کرنے والی گاڑیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا۔اجلاس میں اسمگلنگ، غیر قانونی ہورڈنگز، غیر قانونی ڈمپس، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، منشیات اور نشہ آور اشیاء کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن پر بھی زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بجلی چوری کے خاتمے، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور پوائنٹس آف سیل کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ڈی سی نے اسکولوں، درگاہوں اور دیگر عوامی مقامات کے سامنے قائم غیر قانونی تجاوزات فوری ختم کرنے اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں ضلع کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔



