تھرپارکر: پیپلز پارٹی تعلقہ کلوئی کا اجلاس، بھٹو شہید کی 47ویں برسی میں بھرپور شرکت کا عزم، پارٹی دفتر کے پلاٹ پر قبضے کی مذمت

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی تعلقہ کلوئی کا اجلاس ارباب اکبر عادل ہاؤس پر منعقد ہوا جس کی صدارت پیپلز پارٹی تعلقہ کلوئی کے صدر ارباب اکبر عادل نے کی، جبکہ ضلع تھرپارکر کے پیپلز پارٹی کے نائب صدر عمر لنڈ نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ تلاوت کے بعد ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور شہداء کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری محمد بخش چانڈیو کے مرحوم والد اور پی آر سی کوآرڈینیشن اصغر علی لنڈ کی مرحومہ والدہ کے لیے بھی خصوصی دعا مانگی گئی۔
اجلاس کی کارروائی کے دوران مختلف عہدیداروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر تعلقہ کلوئی سے زیادہ سے زیادہ کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کرنے کا عزم کیا۔ اس موقع پر تعلقي صدر ارباب اکبر عادل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کے عظیم مدبر رہنما کی 47ویں برسی میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عظیم قائد کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور موجودہ حالات کے پیش نظر ہم شہداء کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں۔ اجلاس میں نائب صدر عمر لنڈ، چیتن لال رتناںی، اصغر علی لنڈ اور ہریش ہیرانی نے بھی خطاب کیا۔
اجلاس کے دوران سابق جنرل سیکریٹری کامریڈ چیتن لال نے پیپلز پارٹی تعلقہ کلوئی کے دفتر کے پلاٹ پر بااثر افراد کی جانب سے کیے گئے قبضے کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس معاملے پر تفصیلی بحث کے بعد تمام عہدیداروں نے متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کی۔ فیصلہ کیا گیا کہ یہ قرارداد 10 تاریخ کو پیپلز پارٹی ضلع تھرپارکر کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی تعلقہ کلوئی کے جنرل سیکریٹری انور لنڈ، انفارمیشن سیکریٹری ارباب علی خاصخیلی، ارباب خالد محمود، سابق جنرل سیکریٹری کامریڈ چیتن لال، نائب صدر ڈاکٹر آتم، نائب صدر نارائن بھیل، ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری محمد بخش چانڈیو، ڈپٹی جنرل سیکریٹری اشوک کمار ولاسائی، پی آر سی کوآرڈینیشن اصغر علی لنڈ، پیپلز یوتھ ونگ تعلقہ کلوئی کے جنرل سیکریٹری ہریش ہیرانی، امام بخش لنڈ، چندر کڈیچو، عبدالسلام لنڈ، کینراج بھیل اور دیگر نے شرکت کی۔



