تھرپارکر میں13اپریل سے انسدادِ پولیو مہم کا آغاز،3لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

تھرپارکر (رپورٹ:میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تھرپارکر میں 13 اپریل سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں، مائیکرو پلان سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے مہم کے ہدف کے حصول کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے اور مائیکرو پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کی کوریج پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں 1999 سے تھرپارکر پولیو سے پاک ضلع کی حیثیت رکھتا ہے جو ایک خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر سے فوری رابطہ کیا جائے، جبکہ مہم کے دوران کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں محکمہ صحت کی انسدادِ پولیو مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر بھرت کمار سونی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھرپارکر ضلع میں 13 اپریل سے انسدادِ پولیو مہم شروع ہوگی جو 16 اپریل تک جاری رہے گی۔ ضلع کے سات تعلقوں کی مجموعی 71 یونین کونسلوں میں پانچ سال تک کی عمر کے 3 لاکھ 17 ہزار 171 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس ہدف کے حصول کے لیے 1384 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 1248 موبائل (گشتی) ٹیمیں، 72 فکسڈ ٹیمیں جبکہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں، بس اڈوں اور دیگر مصروف مقامات پر 64 ٹیمیں تعینات ہوں گی۔ مہم کی نگرانی کے لیے 289 ایریا انچارج مقرر کیے گئے ہیں جو مہم کی سو فیصد کوریج کو یقینی بنائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے دی گئی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انسدادِ پولیو مہم سے قبل آگاہی مہم اور ویلیڈیشن کے عمل کو شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں اور مدارس کے طلبہ سمیت پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو کوریج میں شامل کیا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ اجلاس میں تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button