آپریشن "غضب للحق” کی حمایت میں مٹھی گونج اٹھا

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر تھرپارکرعبدالحلیم جاگیرانی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف کی زیر قیادت پاک فوج سے یکجہتی اور آپریشن "غضب للحق” کی حمایت میں میونسپل کمیٹی مٹھی سے کشمیر چوک مٹھی تک "پاکستان زندہ باد” ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، تاجر تنظیموں کے نمائندگان، اساتذہ، طلبہ اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم اٹھا کر "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے اور پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج ملکی دفاع، قومی سلامتی اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور پوری قوم اپنی بہادر فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب وطنِ عزیز کی سلامتی کے لیے متحد ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے پاک فوج سمیت قومی اداروں کا ساتھ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔



