پولیس کی کالی بھیڑوں کے خلاف آپریشن کا اعلان،دھرنا ختم
رمضان کا قتل ناحق قرار،سریندر ولاسائی کے نکات اہم ہیں،ایس ایس پی تھرپارکر

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ایس ایس پی تھرپارکر محمد شعیب میمن مقتول رمضان کھوسو کے قتل کے خلاف دھرنے کی جگہ پہنچ گئے اور انہیں یقین دلایا کہ ملزمان کی گرفتاری میری ذمہ داری ہے، میں انہیں گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لاؤں گا۔
دھرنا ختم ہونے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان کے ناحق قتل کا واقعہ انتہائی تکلیف دہ ہے، اس کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی۔ ایف آئی آر درج ہو چکی ہے، جو بھی اس میں ملوث ہے، تحریری اور قرآنی تحقیقات کی روشنی میں انہیں انصاف کے کٹہرے میں لاؤں گا۔
ایس ایس پی تھرپارکر کا مزید کہنا تھا کہ ایم پی اے سریندر ولاسائی ایک معزز نمائندے ہیں،جن کے نکات اہم ہیں،وہ میرے نوٹس میں ہیں، ان کی انکوائری جاری ہے، ان پر سو فیصد کارروائی کی جائے گی، میں صبح ڈیپلو پہنچوں گا اور جلد از جلد ان لوگوں سے ملاقات کروں گا جو کالی بھیڑیں ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں میری پوسٹنگ کو صرف دو ہفتے ہوئے ہیں، بدقسمتی سے ابتدائی دنوں میں اتنا بڑا واقعہ ہوا، لیکن اس سے میری ذمہ داری بڑھ گئی، ہم ہر قیمت پر انصاف کریں گے، ناحق خونریزی میں ملوث افراد کو جلد سے جلد گرفتار کروں گا۔



